ڈرون حملوں کیخلاف اسلام آباد سے روانہ ہونے والا تحریک انصاف کا امن مارچ جنوبی وزیرستان کی جانب گامزن ہے ۔مارچ کا شہر شہر شاندار استقبال کیا جا رہا ہے اور ملک بھر سے لوگ جلوسوں کی صورت میں مارچ میں شامل ہو رہے ہیں ۔لانگ مارچ اسلام آباد کے مارگلہ موٹل سے شروع ہوا جو موٹر وے ٹال پلازہ سے ہوتا ہوا بلکسر انٹر چینج پہنچا۔ تلہ گنگ میں مارچ کے شرکا کا استقبال کیا گیا۔ تحریک انصاف کی رہنما عائلہ ملک سیکڑوں کارکنوں کے ہمراہ ریکی پہنچیں جہاں انہوں نے عمران خان کا استقبال کیا اور مارچ میں شامل ہو گئیں ۔
میانوالی میں استقبالیہ کے بعد امن مارچ کندیاں اور پہاڑ پور سے ہوتا ہوا ڈیرہ اسماعیل خان جائے گا۔ جہاں ڈرون متاثرین اور ان کے خاندان کے افراد کومیڈیا اور عالمی تنظمیوں کے نمائندوں سے ملوایا جائے گا۔ رات ڈیرہ اسماعیل خان میں قیام کے بعد امن مارچ کل صبح نو بجے جنوبی وزیرستان کے لئے روانہ ہوگا۔
مارچ کے لئے ٹانک، جنڈولہ کے راستوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ کئی میں جلسہ ہو گا۔ملک بھر سے امن مارچ میں شرکت کے لئے قافلے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔ سندھ کے علاقہ اوباڑو سے درجنوں موٹر سائیکل سوار ڈیرہ غازی خان پریس کلب سے وزیر ستان کے لئے روانہ ہوئے۔