لاہور (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام سمیع الحق کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عاصم نے کہا ہے کہ طالبان نے جنگ بندی کا اختیار مولانا سمیع الحق کو دے دیا ہے۔
لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں مولانا عاصم کا کہنا تھا کہ طالبان نے جنگ بندی کا اختیار مولانا سمیع الحق کو دیے دیا ہے، مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم جمعہ کو یوم دعا کے طور پر منائے اور مذاکرات کی کامیابی اور ملک میں امن کی بحالی کے لئے دعائیں کی جائیں۔
دوسری جانب طالبان کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا یوسف شاہ کا کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی سے انفرادی رابطے جاری ہیں، حکومتی کمیٹی سے ملاقات کے لئے تیار ہیں لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں آ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی سے ہونے والی ملاقات میں سب سے پہلا ایجنڈا جنگ بندی ہو گا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل حکومتی کمیٹی نے طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان اور اس پر عمل درآمد تک طالبان کمیٹی سے مذاکرات کو بے نتیجہ قرار دے دیا تھا جبکہ گزشتہ روز کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے جنگ بندی کے لئے حکومت کو طالبان کے خلاف کارروائیاں بند کرنے اور زیرحراست ساتھیوں کو قتل نہ کرنے سے مشروط کیا تھا۔