انقرہ: ترکی کی بری، بحری اور فضائی افواج کے سربراہان نے حکومت سے اختلافات کے باعث اپنے عہدوں سے استعفی دے دیا۔ ترک سرکاری ٹی وی کے مطابق ترک مسلح افواج کے سربراہ جنرل آئزک کوشنر اور بری، بحری اور فضائی افواج کے کمانڈروں نے اپنے عہدوں سے استعفی دے دیا۔ ان فوجی کمانڈروں کے استعفوں کی بنیادی وجہ حکومت سے اختلافات ہیں۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق ترک فوج کے ٹاپ کمانڈروں کے استعفوں سے حکومت اور فوج کے درمیان موجود شدید کشیدگی سامنے آئی ہے۔ اس سے قبل ترکی کی ایک عدالت نے کئی جنرلوں سمیت متعدد فوجی افسران کو انٹرنیٹ پر حکومت کے خلاف مہم چلانے پر فرد جرم عائد کی تھی۔ دوسری جانب ترکی کی سپریم ملٹری کونسل کا ایک اہم اجلاس آئندہ ہفتے طلب کیا گیا ہے جس میں سول حکومت اور فوج کے درمیان کسی معاہدے کی کوشش کی جائے گی۔