اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر آصف علی زرداری نے یوم آزادی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماے بانی آباو اجداد کے نزدیک پاکستان کا تصور ایسے ملک کا تھا جہاں جمہوریت ،آئین اور قانون کی حکمرانی کو بالا دستی حاصل ہو گی.صدر کا کہنا ہے کہ عوام اور پارلیمنٹ کو آئین اور پارلیمنٹ پر نئی طرز کے حملوں پر نظر رکھنا ہو گی .یوم آزادی پر جاری کئے گئے پیغام میں صدر زرداری نے کہا ہے کہ آج کے دن آزادی کی تقریبات کی خوشیاں منانا ایک فطری عمل ہے لیکن اس موقع پر یہ غور و فکر کرنے کی بھی ضرورت ہے کہ پاکستان جن مقاصد کے لئے حاصل کیا گیا تھا ،کیا ہم ان کو پورا کرنے کی طرف گامزن ہیں.صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کا تصور ایسے ملک کا تھا جہاں گولی کی بجائے ووٹ کی طاقت لوگوں کی سیاسی پسند و ناپسند کا فیصلہ کرے گی،بدقسمتی سے ہماری آزادی کی بقا کے زیادہ حصے میں عوام کے قانونی حق کا اکثر انکار کیا گیا اور آئین کی متعدد بار تنسیخ کی گئی.موجودہ پارلیمنٹ نے 1973 کے جمہوری آئین کو بڑی حد تک بحال کر دیا ہے.صدر نے کہا کہ آج عہد کریں کہ گولی کی بجائے سیاسی پسند و ناپسند کو مسلط کرنے کی بجائے انتخابات کے ذریعے عوام کو فیصلہ کرنے دیں اور ہر قسم کے تعصب،دہشت گردی اور عسکریت پسندی سے اجتناب کریں.