ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں قیام امن کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ ہر جماعت اپنی ٹیم کراچی بھیجے تا کہ حالات کا خود مشاہدہ کریں کہ گولی کون اور کس پر چلا رہا ہے۔ ایم کیو ایم کے یوم تاسیس کے موقع پر ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے قائد تحریک الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی میں رہنے والے پختونوں کے خلاف نہیں بلکہ پختونوں کو اپنا بھائی سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اے این پی،ایم کیو ایم،پیپلز پارٹی،مسلم لیگ ق ، مسلم لیگ ن جماعت اسلامی تحریک انصاف ،سنی تحریک اور جمعیت علما پاکستان سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتیں مل کر کراچی میں قیام امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ الطاف حسین نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو غیر جمہوری طریقے سے ختم کرنے کے حق میں نہیں بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ جمہوری حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے۔ الطاف حسین نے خطاب کے اختتام پر رمضان المبارک کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کراچی میں قیام امن کے لیے دعا کی۔