تیسری قومی ڈس ایبلڈ کرکٹ چیمپین شپ آٹھ ستمبر سے لاہور میں شروع ہو گی۔ مقابلوں میں ملک بھر سے بارہ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری امیر الدین انصاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپین شپ میں شامل بارہ ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کراچی کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ چیمپین شپ کی فاتح ٹیم کو ایک لاکھ روپے اور رنر اپ ٹیم کو پچاس ہزار روپے کے نقد انعامات دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا کی پہلی ڈس ایبلڈ کرکٹ سیریز پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال کھیلی جائے گی۔ سیریز کی تاریخوں اور مقام کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔