جاپان: (جیو ڈیسک) جاپان کے گزشتہ سال سونامی سے متاثر ہونے والے شمال مشرقی علاقے میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب اور زمینی تودے گرنے کے خدشات کے پیش نظر ہزاروں افراد کو علاقہ چھوڑ دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
جاپان کے ادارہ موسمیات نے کہا کہ ہوا کا کم دباؤ علاقے میں شدید بارشوں کا موجب بنا ہے اور سونامی سے انتہائی متاثر ہونے والے علاقے یماڈا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 344 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کیسینوما شہر میں 23 سو افراد کو سیلاب کے خدشے کے پیش نظر علاقہ چھوڑ دینے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ لوگ بھی گزشتہ سال 11 مارچ کو آنے والے زلزلہ اور سونامی سے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔
شہری اہلکار نے کہا کہ مقامی حکام نے میاگی کمشنری کے علاقے تائیوا میں بھی 2 ہزار سے زائد افراد کو علاقہ چھوڑنے کا حکم دیا تھا لیکن جمعہ کی صبح انہیں واپس گھروں کو آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے میاگی، ایواٹی کمشنری اور شمالی جزیرہ ہوکائیڈو کے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ زمینی تودوں اور سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ہوشیار رہیں ۔