اسلام آباد (جیو ڈیسک)وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جب تک اللہ تعالی چاہے گا حکومت رہے گی۔ سیاسی مخالف دوست کبھی حکومت کے اچھے کام کا بھی چرچہ کردیا کریں۔خیبر پختو نخوا کے علاقے بشام میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پانی سے بجلی کی پیداوار انتہائی سستی ہے۔
خیبرپختونخوا میں پانی سے بجلی پیدا کرنے کے مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کا بحران ہے، بجلی کی طلب میں ہرسال اضافہ ہورہا ہے لیکن اس پر جلد ہی قابو پالیا جائے گا۔سندھ میں تھرکول منصوبے پر کام شروع ہوچکا ہے اس سے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی جب سے حکومت میں آئی ہے اسے چیلنجز کاسامنا ہے۔ سیاست کے لئے ملکی مفاد داو پر نہیں لگانا چاہئے۔ مجھے سیاسی ورکراورمڈل کلاس ہونے پرفخر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے استحکام کے لئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔