وفاقی جمہوریہ جرمنی کے قونصل جنرل ٹلو کلینر نے کہا ہے کہ جرمنی پاکستان کے جاری توانائی کے بحران کے حل کے لئے ہر ممکن مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین احتشام الدین اور دیگر عہدیداران کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران کے حل کے لئے مختلف آپشنز موجود ہیں جن میں ونڈ انرجی سولر اور تھرمل پاور وغیرہ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کو پہلے ہی توانائی کے کچھ پراجیکٹ میں مدد کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کو مائل کرنے کے لئے پاکستان خصوصا کراچی کا سافٹ امیج بنانا ضروری ہے۔
اس موقع پر کاٹی کے چیئرمین احتشام الدین نے اس امر پر زور دیا کہ بین الاقوامی میڈیا میں پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کے باوجود منفی پروپیگنڈا جاری ہے ۔