کراچی (اسٹاف رپورٹ) شاہ فیصل ٹائون میں جشن عید میلاد النبی ۖ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ،شاہ فیصل ٹائون آفس سمیت تمام شاہراہ اور گلیوں بقہ نور بن گیا ،ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن ،علاقائی و مذہبی تنظیموں کی جانب سے شاہ فیصل ٹائون کے تمام علاقوں میں جشن عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر چراغاں کے حوالے سے شاہ فیصل ٹائون شہر کے دیگر ٹائونز پر بازی لے گیا ،
تمام شاہراہیں اور گلیاں برقی قمقموں ،سبز ہلالی پرچموں اور استقبالیہ بینرز کے ساتھ سجایا گیا ہے ،مساجد و امام بارگاہوں اور مختلف علاقوں میں محافل میلاد اور عید میلاد النبی ۖ کے مناسبت سے تقریبات اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد،شاہ فیصل ٹائون میں 12ربیع الاول کو عاشقان رسول ۖ کا جلوس صبح 8بجے جامع مسجد قادریہ شاہ فیصل کالونی نمبر5سے برآمد ہوگا ،جلوس کی قیادت علماء اکرام کے ہمراہ حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان ،اراکین صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری ،ڈاکٹر ندیم مقبول اور ایم کیو ایم شاہ فیصل سیکٹر کے ذمہ دران کرینگے ،
جلوس کے روٹس پر ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل ٹائون کے زیر اہتمام صفائی وستھرائی اور روشنی کے مثالی انتظامات کئے گئے سڑکوں کی صفائی کے بعد چونے کا چھڑکائو اور مساجد و امام بارگاہوں اور محافل میلاد کی اجتماع گاہوں پر مکھی ،مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا گیا ۔شرکاء جلوس کو سہولیات کی فراہمی کے لئے TMAشاہ فیصل ،ایم کیو ایم شاہ فیصل سیکٹر ،خدمت خلق فائونڈیشن اور دیگر تنظیموں کی جانب سے استقبالیہ ،سبیل اور میڈیکل کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں ۔جشن عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر علاقائی سطح پر چراغاں دیکھنے کے لئے آنے والے شرکاء کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل ٹائون کی جانب سے شاہ فیصل کالونی نمبر5چورنگی پر مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا جہاں عوام کی سہولت اور منتظمین کو بلدیاتی سہولیاتی کی فراہمی کے لئے TMA سمیت عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور تمام ادارے کے نمائندے بروقت شکایات کے ازالے کے لئے موجود رہیں گے ۔