جمرود (جیوڈیسک) گزشتہ روز جمرود بازار میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 21 ہو گئی جبکہ 67 افراد زخمی ہیں۔ خیبر ایجنسی کے علاقے جمرود میں اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر کے باہر ہونے والے دھماکے میں اب تک 21 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 67 زخمی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس سمیت دیگر ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کو ایک ایک لاکھ فی کس رقم ادا کردی گئی ہے جبکہ زخمیوں کو 50 ہزارروپے فی کس ادا کیے گئے ہیں۔واقعہ کے بعد سے علاقے کی فضا سوگوار ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے مگر ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔