اسلام آباد : وزیر اطلاعات خیبر پختون خوا میاں افتخار نے کہا ہے کہ جمہوریت کے خلاف ہونے والی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ سینٹر زاہد خان کہتے ہیں الطاف حسین کی ہزارہ صوبہ بنانے کی حمایت میں جناح پور کا منصوبہ پوشیدہ ہے۔ اسلام آباد میں باچا خان کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار نے کہا کہ کچھ لوگ سینیٹ انتخابات سے خوفزدہ ہیں اور جمہوریت کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔ انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انھیں اکثریت کا فیصلہ قبول کرنا پڑے گا۔ آئین نے فوج اور عدالت کے اختیارات کا تعین کیا ہوا ہے۔ تمام ادارے اپنی حدود کے اندر رہ کر کام کریں تو مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔ سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی ہزارہ صوبہ بنانے کی حمایت میں جناح پور کا منصوبہ پوشیدہ ہے۔ جب تک ایک بھی پختون زندہ ہے۔ جناح پور کا منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اس حوالے سے سندھ میں قوم پرست جماعتوں کی جانب سے اٹھائیس جنوری کی ہڑتال کی حمایت کریں گے۔ زاہد خان نے کہا کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے دیگر رہنماں نے این آر او کے تحت دس دس مقدمات معاف کرائے ہیں۔ سپریم کورٹ اس کا بھی ازخود نوٹس لے۔