ویلنگٹن : (جیو ڈیسک) جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ورنن فلینڈر نے ویلنگٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرے تیز ترین پچاس وکٹیں مکمل کرنے والے بولر بن گئے۔
ورنن فلینڈر نے نومبر دوہزار گیارہ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور سیریزکے دو ٹیسٹ میں چودہ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔سری لنکا سے اگلی ہوم سیریز میں فلینڈر دو ٹیسٹ میچز میں سولہ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔نیوزی لینڈ میں جاری سیریز میں اب تک فلینڈر اکیس کھلاڑیوں کو آؤٹ کرچکے ہیں۔ فلینڈر نے سات ٹیسٹ میں اکیاون وکٹیں لیں۔جس میں پانچ مرتبہ اننگز میں پانچ اور دو بار میچ میں دس وکٹیں شامل ہیں۔
میچز کے اعتبار سے تیز ترین پچاس وکٹیں آسٹریلیا کے ٹوم رچرڈسن نے چھ ٹیسٹ میں لی تھیں۔انگلینڈ کے چارلی ٹرنر اور فلینڈر یہ سنگ میل ساتویں ٹیسٹ میں عبور کیا۔ وقت کے اعتبار سے آسٹریلیا کے راڈنی ہاگ نے ایک سو تیرہ دن میں وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کی۔ فلینڈر نے یہ کار نامہ ایک سو اڑتیس دن میں انجام دیا۔