جنوبی وزیرستان : جھڑپوں میں چار اہلکاروں سمیت 16شدت پسند ہلاک

south waziristan

south waziristan

جنوبی وزیرستان : (جیو ڈیسک) پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں چار سکیورٹی فورسز کے اہلکار اور بارہ شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔جنوبی وزیرستان میں ایک اعلی فوجی اہلکار نے بتایا کہ صدر مقام وانا سے کوئی سات کلومیٹر دور مغرب کی جانب شین ورسک کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے مسلح شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی۔

اہلکار کے مطابق مسلح شدت پسندوں کے حملے میں چار اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران بارہ شدت پسند بھی مارے گئے۔ اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔تاہم اہلکار نے یہ نہیں بتایا کہ ہلاک ہونے والے شدت پسندوں میں کوئی اھم شخص شامل ہے یا نہیں۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے تحریک طالبان پاکستان کے جنگجوں کی ایک بڑی تعداد وانا منتقل ہوگئی ہے اور مختلف علاقوں میں ان کے موجودگی کی اطلاعات ہیں۔یادرہے کہ اس واقعہ سے ایک دن پہلے حکام نے بتایا تھا کہ وانا بازار کے قریب دو سکیورٹی اہلکاروں کے سر ملے ہیں۔ اس واقعے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔اس واقعہ سے قبل کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ایک کمانڈر حاجی حسین احمد نے وزیرستان سے ملحقہ بلوچستان کے شہر ژوب میں سکیورٹی فورسز کے ایک قلعے پر حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ مرنے والے اہلکاروں کی لاشیں وہ اپنے ساتھ لائے ہیں اور ان کے سرقلم کرک علاقے میں پھینک دی گئی تھی۔