جنوبی وزیرستان : (جیو ڈیسک)جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل میں ڈرون حملے میں 10 شدت پسند ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔امریکی جاسوس طیاروں کی جانب سے گیارہ روز میں چھٹا ڈرون حملہ تھا۔سرکاری ذرائع کے مطابق وانا سے 9 کلومیٹر جنوب مغرب کی جانب واقع علاقہ واچہ دانہ میں ڈرون حملہ ہوا ۔ امریکی جاسوس طیاروں نے دو میزائل مولوی نذیر گروپ کے اہم کمانڈر ملنگ کے گھر پر فایئر کیے جس میں 8 شدت پسند ہلاک اور تین زخمی ہوئے ، کل کے ڈرون حملے میں کمانڈر ملنگ کا چچا زاد بھائی رحمان علی ہلاک ہوا تھا اس کی فاتحہ خوانی کے لیے لوگ جمع تھے کہ اسی دوران حملہ کردیا گیا۔
دوسرا میزائل اسی علاقے میں ایک گاڑی پر فائر کیے گئے جس میں دو شدت پسند ہلاک ہوگیے، گاڑی میں ہلاک ہونے والے غیر ملکی تھے۔ نیٹو کانفرنس کے بعد گیارہ دن میں یہ چھٹا حملہ ہے۔پہلا حملہ 23مئی کو شمالی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر میرانشاہ میں کیا گیاجس میں چار افراد ہلاک ہوئے۔24مئی کو میر علی میں مسجد پر کیاگیا جس میں دس نمازی شہیدہوئے۔25مئی کو میرانشاہ میں مکان پر حملے میں تین افراد جا ں بحق ہوئے۔28مئی کو جاسوس طیاروں نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا،، جس میں چار افراد ہلاک ہوئے۔گزشتہ روز بھی امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں دو شدت پسند مارے گئے تھے۔