جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنے کیلئے مزید مبصرین شام بھیجنے کا اعلان

united nation

united nation

اقوام متحدہ (جیو ڈیسک)اقوام متحدہ کا ادارہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنے کیلئے مزید مبصرین شام بھیجے گا۔ امریکہ نے باغیوں کی امداد بڑھانے کا اعلان کردیا۔شام میں امن عمل کو موثر بنانے کیلئے اقوام متحدہ کے تحت مز ید مبصرین شام بھیجے جارہے ہیں جو وہاں جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری کے حوالے سے نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔ یہ بات اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے ثالث کوفی عنان نے جنیوا میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود فریقین کی طرف سے اس کی خلاف ورزیاں باعث تشویش ہیں۔ دوسری جانب امریکہ نے شام میں حکومت مخالف باغیوں کی امداد بڑھانے کا اعلان کیا ہے جبکہ کوفی عنان نے شام کی سرکاری فورسز اور باغیوں میں لڑائی سے متاثرہونے والے دس لاکھ افراد کی انسانی بنیادوں پرامداد کی موثر فراہمی نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔