ملائیشیا(جیوڈیسک)سلطان آف جوہر کپ جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں پاکستان نے میزبان ملائیشیا کو سخت مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی ہے۔
ملائیشیا کے شہر جوہر باہرو میں جاری ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں میزبان ٹیم اور پاکستان کے مابین سخت مقابلہ ہوا۔کھیل کے دوران تلخ کلامی اور پاتھا پائی کے واقعات بھی ہوئے ۔کھیل کے بیسویں منٹ میں محمد دلبر نے پاکستان کیلئے پہلا گول کیا۔ پہلے ہاف میں پاکستان کو ملائیشیا کیخلاف ایک صفر کی برتری حاصل رہی۔
دوسرے ہاف میں محمد عرفان نے فیلڈ گول کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور دگنا کردیا۔ پاکستان کے شکیل احمد بٹ مین آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستان اپنا آخری لیگ میچ سترہ نومبر کو جرمنی کیخلاف کھیلے گا۔ میچ میں کامیابی کی صورت میں پاکستان تیسری پوزیشن کا میچ کھیل سکے گا۔