لاہور ہائیکورٹ نے جماعت الدعوہ کے امیر حافظ سعید کی جانب سے امریکی عدالت میں زیر سماعت ممبئی حملہ کیس میں سرکاری وکیل فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت 12اکتوبر تک ملتوی کردی۔ حافظ سعید کے وکیل اے کے ڈوگر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حافظ سعید پاکستانی شہری ہیں اور امریکی عدالت میں زیر سماعت ممبئی حملہ کیس میں وفاقی حکومت جسطرح آئی ایس آئی چیف کو وکیل فراہم کررہی ہے اس طرح حافظ سعید کو بھی دفاع کے لئے سرکاری وکیل فراہم کیا جائے۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے بیان دیا کہ سرکاری ملازم اور عام شہری کی قانونی حیثیت میں فرق کی بنیاد پر حکومت حافظ سعید کو سرکاری وکیل کی خدمات فراہم نہیں کرسکتی۔عدالت نے سرکاری وکیل کے بیان کے بعد کیس کی مزید سماعت 12اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔