حسینہ واجد کا کاکس بازار کا دورہ، متاثرہ افراد سے ہمدردی

Haseena Wajid

Haseena Wajid

بنگلہ دیش(جیوڈیسک) بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے ملک کے جنوب مشرقی علاقے کاکس بازار کا دورہ کیا جہاں گذشتہ ہفتے ایک درجن سے زائد بدھوں کے مندروں اور خانقاہوں اور تقریبا پچاس گھروں کو نذر آتش کر دیا گیا تھا۔

بنگلہ دیش کی حکومت نے ان واقعات کا ذمہ دار برما سے آئے ہوئے روہنگیا پناہ گزین کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کا یہ واقعہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر توہین اسلام پر مبنی تصویر پوسٹ کے بعد ہوا، وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے بدھ رہنماوں سے ملاقات کی جنہوں نے ان سے اپیل کی کہ وہ اقلیتی گروپوں کو بہتر تحفظ دینے کیلیے اقدامات کریں۔

اس موقع پر شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ بنگلا دیش ایک سیکولر اسٹیٹ ہے جس میں مذہبی انتہا پسندوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، انہوں نے مقامی افراد سے اپیل کی کہ وہ محلے کی سطح پر امن کمیٹیاں بنا کر امن کے فروغ کے لیے کام کریں، اس موقع پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ایک سو سات متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔