حکمرانوں کی کرپشن پر ہر شخص شرمندہ ہے۔ شہباز

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور: (جیو ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں براجمان حکمرانوں کی کرپشن پر ہر شخص پشیمان اور شرمندہ ہے۔ عوام چوروں اور لٹیروں کا محاسبہ کریں گے۔ وہ لاہور میں ملتان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گزشتہ دور کا کرپٹ مافیا ایک بار پھر اسلام آباد کے بدعنوان حکمران سے مل کر کرپشن میں ہاتھ رنگ رہا ہے۔ لوٹی ہوئی دولت وآپس لا کر عوام کے قدموں میں نچھاور کی جائے گی۔

شہاز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ چار برسوں میں جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوے تیزی سے مکمل کئے ہیں، دانش سکول اور موبائل ہیلتھ یونٹس کے منصوبوں کا آغاز بھی وہیں سے کیا گیا آئندہ سال لودھراں اور میلسی میں دانش سکولز اور ملتان میں انجینئرنگ و زرعی یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں جنوبی پنجاب کی ترقی کے بلند و بالا دعوے تو کئے گئے لیکن عملی طور پر صرف قومی وسائل کو لوٹاگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلاحی منصوبوں میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔