حکومت پنجاب نے گجرات پولیس کے فنڈز روک دیئے

گجرات (جی پی آئی) حکومت پنجاب نے گجرات پولیس کے فنڈز روک دئیے ، تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے ڈی پی او آفس اور پولیس تھانہ صدر لالہ موسیٰ ، تھانہ صدر گجرات اور تھانہ کڑیانوالہ کے بھی فنڈز روک دئیے ہیں ، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یہ فنڈز اس لئے روکے گئے ہیں کہ یہ تمام ترقیاتی کام اور تھانوں کو ماڈل کیے جانے کا کام سابق دور حکومت میں چوہدری پرویز الٰہی کی خصوصی کاوش تھی ، جس کو پنجاب حکومت نے مالی سال 2012-13میں فنڈز نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انویسٹی گیشن رپورٹر ضیاء سید کے مطابق آئی جی آفس کے مراسلہ نمبر 3696بتاریخ 3اگست 2012میں ڈی پی او آفس کو تحریری طور پر مطلع کیا گیا ہے ، ایسے اقدامات سے گجرات پولیس کی کارکردگی بھی متاثرہو سکتی ہے ، کیونکہ گجرات پولیس پہلے ہی مسائل سے دو چار ہے ، اور سیاسی مداخلت کی وجہ سے اپنی کارکردگی عوامی خواہشات کے مطابق نہیں دے پا رہی ، جبکہ تھانہ صدر گجرات کی عمارت کو تعمیر ہوئے کئی ماہ گزرنے کو ہیں لیکن بلڈنگ میں اب تک تھانہ شفٹ نہیں کیا گیا اور عمارت کا نقصان ہو رہا ہے نہ صرف یہ بلکہ سٹی سرکل گجرات میں بھی کئی تھانہ جات اور پولیس چوکیوں کی عمارات انتہائی خستہ ہیں اور آبادی کے لحاظ سے تھانوں کی حد بندی نہ ہونے کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہوا ہے ۔