حیدرآباد : (جیو ڈیسک) واسا کی جانب سے مضر صحت پانی کی فراہمی کے بعد شہر میں گیسٹرو اور ڈائریا کی وباء پھیل گئی۔
حیدر آباد کے مختلف علاقوں لطیف آباد، قاسم آباد، پھلیلی، پریٹ آباد، پنجرہ پول، گئوشالہ، رشی گھاٹ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے مضر صحت پانی کی فراہمی جاری ہے جس کے باعث شہر میں گیسٹرو اور ڈائریا کی وباء پھیل گئی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 601 سے زائد مریضوں کو سرکاری ونجی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جن میں اکثریت بچوں کی ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شہری گیسٹرو اور ڈائریا کے امراض سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور پانی کو ابال کر استعمال کریں، دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں واسا کی جانب سے پانی کی فراہمی بھی معطل ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔