خیبر ایجنسی کے جمرود بازار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے جاں بحق افراد کی تعداد چھبیس ہوگئی ہے جبکہ پچاس افراد زخمی ہیں۔ جاں بحق افراد میں خاصہ دار فورس کے تین اہلکار بھی شامل ہیں۔ دھماکے کی ذمے داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ایک ذیلی گروپ طارق نے قبول کی ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے کا کہنا ہے دھماکا خیزمواد گاڑی میں نصب تھا جس کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے پھاڑا گیا۔ دھماکا مصروف ترین علاقے میں ہوا دھماکے سے دس گاڑیاں اور متعدد دکانیں تباہ جبکہ قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس، ایمبولینس اور ریسکیو ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ زخمیوں کو خیبر ٹیچنگ اسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔ پشاور کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ پشاور کے ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کردی ہے۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔