شام کے دارالحکومت دمشق میں پیٹرول پمپ پر کار بم دھماکے میں نوافراد ہلاک ہوگئے. بارزہ البلاد ضلع میں ایک پیٹرول پمپ پر ایندھن کیلیے کئی لوگ گتھم گتھا تھے کہ اچانک ایک زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم نو افراد ہلاک جبکہ تیس سے زائد زخمی ہوگئے۔
شام کی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے۔ گزشتہ روز ایک پیٹرول پمپ پر شامی فضائیہ کے حملے میں درجنوں افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔
شام میں حالیہ دنوں کیدوران ایندھن کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ اور عوام کو کئی گھنٹے پیٹرول کے حصول کیلئے قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔
حکومت مخالفین نے الیپو اور دمشق کے درمیان مین ہائی وے پر فضائیہ کے ایک اہم ہوائی اڈے پر حملہ کیا اور وہاں تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔ شام میں اکیس ماہ کی خانہ جنگی کے دوران ساٹھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔