دوست محمد کھوسہ وزارت کی تبدیلی کے دن سے ناراض تھے، رانا ثناء اللہ خان
Posted on August 8, 2012 By Geo Urdu سٹی نیوز
لاہور(جی پی آئی)وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ دوست محمد کھوسہ تبدیلی وزارت کے دن سے ناراض تھے اوران کی وزارت کے دنوں میں صوبے میں پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹ میں تقریباً 2ارب روپے کی ایڈوانس ادائیگی میں شفافیت نہیں پائی گئی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ایڈوانس ادائیگی کے عمل میں شفافیت نہ ہونے کی بنا پر اس وقت کے سیکرٹری بلدیات ، پراجیکٹ ڈائریکٹر کا تبادلہ کردیا گیا جبکہ دوست محمد کھوسہ کی وزارت تبدیل کی گئی تھی ۔ انہوںنے کہا کہ دوست محمد کھوسہ کا میڈیا پر احتجاج حقائق کے برعکس اور محض اظہار ناراضگی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دوست محمد کھوسہ کو اپنے والدمحترم سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے طرز عمل سے رہنمائی حاصل اور احتجاج پارٹی ڈسپلن کے اندر رہتے ہوئے کرنا چاہیئے۔
انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بہتر منتظم اور پارٹی کا سرمایہ ہیں۔ انہوںنے صوبے میں ہر سطح پر میرٹ کلچرکو فروغ دے کر ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کی جو مثال قائم کی وہ حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے۔