ایشیا کبڈی کپ (جیوڈیسک) ایشین کبڈی کے فائنل میں بھارتی کھلاڑیوں کے بائیکاٹ پر پاکستانی ٹیم کو فاتح قرار دے دیا گیا۔میچ کے پہلے ہاف میں بھی پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے اور انھیں بھارتی ٹیم کیخلاف پوائنٹس کی برتری رہی جو انہوں نے میچ کے آخری لمحات تک برقرار رکھی تاہم میچ ختم ہونے سے کچھ دیر قبل بھارتی کبڈی ٹیم کے کوچ گورمل سنگھ سرکل میں آکر اپنے کھلاڑیوں کو ہدایات دینے لگے جس پر میچ ریفری نے کھیل کو ڈسٹرب کرنے پر انھیں ریڈ کارڈ دکھا دیا۔
جس پر بھارتی کھلاڑیوں نے احتجاج کرتے ہوئے کھیل کا بائیکاٹ کردیا اور گرائونڈ سے باہر چلے گئے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی کھلاڑیوں کا ایک پوائنٹ پر بھی تنازع تھا۔ بھارتی ٹیم کے احتجاج اور پوائنٹس کی برتری کے بعد پاکستان کو دوسرے ایشین کبڈی کپ کا فاتح قرار دیدیا گیا۔ پاکستان کی فتح کا اعلان ہوتے ہی شائقین دیوانہ وار گرائونڈ کی طرف لپکے اور کھلاڑیوں کو اپنے کندھوں پر اٹھا لیا۔
پاک بھارت کبڈی میچ کے فائنل کے دوران پنجاب سٹیڈیم تماشائیوں سے کچھا کھچ بھرا ہوا تھا اور ان کا جذبہ دیدنی تھا۔ پاکستان کی فتح کے بعد تماشائیوں کیساتھ ساتھ پنجاب پولیس کے جوان بھی ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے نظر آئے۔