واشنگٹن : امریکی صدربارک اوباما نے کہا ہے کہ امریکا کی کریڈٹ ریٹنگ میں آنے والی کمی کے بعد امید ہے کہ کانگریس ارکان بجٹ کے خسارے میں اہم کٹوتی لانے پراتفاق کرلیں گے۔ان کاکہنا تھا کہ دولت مندوں کوزیادہ ٹیکس دینا چاہیے۔ امریکی اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے رجحان اورانڈیکس پوائنٹس میں کمی کے بعد وائٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو میں صدر اوباما نے کہا کہ وہ اسٹینڈرڈ اینڈ پورز کی طرف سے امریکی کریڈٹ ریٹنگ کو ٹرپل اے سے ڈبل اے پلس کرنے کے فیصلے سے اتفاق نہیں کرتے۔ مارکیٹ اب بھی امریکی کریڈٹ کو ٹرپل اے ہی قرار دیتی ہیں۔ ایک مرتبہ پھراپنا مطالبہ دہراتے ہوئے ان کاکہناتھا کہ دولت مند امریکیوں کو زیادہ ٹیکس دینا چاہیے، جب کہ حکومتی آمدنی اور اخراجات میں فرق کو کم کرنے کے لیے میڈی کیئر کی طرح کے مہنگے حکومتی صحتِ عامہ کے پروگرام میں خاطر خواہ تبدیلیاں لانا ضروری ہوگئی ہیں۔