نیویارک : (جیو ڈیسک) پلِٹزر پرائز بورڈ نے فکشن کیٹگری میں2012 کے لیے کسی بھی مصنف کو ایوارڈ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پچھلے پینتیس برس میں یہ پہلا موقع ہے جب پلِٹزر پرائز بورڈ کسی بھی ناول کا انتخاب نہیں کر سکا ہے۔ پلِٹزر پرائز کے ایک اہلکار سک گزلر نے بتایا ہے کہ تین ناولوں کو ایوارڈ کے لیے شارٹ لسٹ کیاگیا تھا لیکن ان میں کوئی بھی پلِٹزر پرائز بورڈ کے ممبران کا اعتماد حاصل نہیں کر سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ نے تفصیلی غور و خوص کے بعد فکشنل کیٹگری میں ایوارڈ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پلِٹزز ایوارڈ اخبارات، آن لائن صحافت، ادب اور موسیقی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔ اس ایوارڈ کا آغاز ہنگری میں پیدا ہونے والے امریکی پبلشر جوزف پلِٹزر نے کیا تھا اور اس کا انتظام اب نیویارک شہر میں واقع کولمبیا یونیورسٹی کرتی ہے۔