کراچی (اسٹاف رپورٹر) دہشتگرد قوم کو خوفزدہ کرکے جشن آزادی کی خوشیاں ماند کرنا چاہتے ہیں مگر قوم نہ تو دہشتگردوں کو ان کے مذموم ارادوں میں کامیاب ہونے دے گی اور نہ ہی پاکستان دشمنوں کے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ ہوگی بلکہ اس سال ہر سال کی نسبت زیادہ جوش و ولولے سے اور پہلے سے کہیں زیادہ شایان شان طریقے سے جشن آزادی مناکر دہشتگردوں کو اپنے اتحاد و یکجہتی کے اظہار کے ذریعے پیغام دیا جائے گا کہ قوم متحدہے اور دہشتگردوں کے حیوانی اقدامات پاکستانیوں کو نہ تو خوفزدہ کرسکتے ہیں اور نہ ہی ان کے جذبہ حب الوطنی و پاکستان محبت کو کوئی گزند پہنچاسکتے ہیں۔
ہزہائی نیس نواب مہابت خان رائل فیملی فاونڈیشن و ٹرسٹ کے چیئرمین نوابزادہ غلام محمد خان ‘فاونڈیشن کی جنرل سیکریٹری بیگم شاہ بانو اور جونا گڑھ فیڈریشن کے الیکشن کمشنر امیر پٹی نے غلام محمد ہاوس میں سانحہ کوئٹہ کے شہداءکے سوئم کی ادائیگی اور شہداءکیلئے دعائے مغفرت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جونا گڑھ ‘ گجرات اور کاٹھیاواڑ برادریاں ہزہائی نیس مہابت خان فاونڈیشن و ٹرسٹ کے زیراہتمام پورے جوش و جذبے سے منائیں گی۔
اس حوالے سے جشن آزادی کی مرکزی تقریب غلام محمد ہاوس میں منعقد کی جائے گی جس میں جونا گڑھ ‘ گجرات اور کاٹھیاواڑ سے تعلق رکھنے والی تمام برادریاں بھرپور انداز سے شرکت کریں گی اور شایان شان طریقے سے جشن آزادی مناتے ہوئے حب الوطنی اور پاکستان سے اپنی محبت کا ظہار کریں گی۔