اسلام آباد(جیوڈیسک)دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر مختلف شہروں میں آج رات سے موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، راولپنڈی میں بارہ ربیع الاول کے روز موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی۔
ملک کے مختلف شہروں میں بارہ ربیع الاول کے موقع پر دہشت گردی کے خدشات کی خفیہ اطلاعات کے بعد آج رات سے موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی، پشاور، لاہور، کوئٹہ اور ملتان سمیت پندرہ سے زائد شہروں میں موبائل فون سروس بند کی جائے گی جوبارہ ربیع الاول کو بھی معطل رہے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے موبائل فون کمپنیز کو سروس کی بندش کے لیے احکامات جلدجاری کر دئیے جائیں گے۔دوسری طرف راولپنڈی میں بارہ ربیع الاول کو ایک روز کے لئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔