پشاور (جیوڈیسک)وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کا پرامن اور بروقت انعقاد وقت کی ضرورت ہے۔
بلور ہاؤس میں بلور برادران سے بشیر احمد بلور کی تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ بشیر احمد بلور بہادر انسان تھے اور ان کے ساتھ پیش آنیوالے واقعے پر پورا ملک سوگوار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی قیادت کو مل بیٹھنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں قومی سطح پر بیٹھ کر بات کرنا ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے قومی پالیسی اپنانا ہوگی۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں الیکشن کا پرامن اور بروقت انعقاد ضروری ہے۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوے کہا کہ پارلیمنٹ میں سیکورٹی کے حوالے سے تمام قراردادیں جو پاس کی جاچکی ہیں حکومت ان پر عملدرآمدکو یقینی بنائے- چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ہم نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی۔
ایبٹ آباد آپریشن کے حوالے سے بھی بھرپور آواز اٹھائی۔ انہوں نے بشیر احمد بلور کی موت کو ملک و قوم کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پارلیمنٹ میں سیکورٹی کے حوالے سے تمام قراردادیں جو پاس کی جاچکی ہیں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔