پاکستان (جیو ڈیسک)پاکستان میں اہل ایمان جہاں رمضان المبارک کی آمد پر خوش ہیں، وہیں ہوشربا مہنگائی نے رمضان کی تیاریوں کے سلسلے میں بازاروں کا رخ کرنے والے خریداروں کی چیخیں نکال دی ہیں ۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور اہل ایمان استقبال رمضان کی بھر پور تیاریوں میں مصروف ہیں۔
رمضان المبارک میں اشیائے خوردو نوش کی خریداریوں کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے ۔ مصروفیات اور شدید گرمی کے باعث شہری زیادہ تر رات کے وقت مختلف بازاروں کا رخ کررہے ہیں ۔ جس کے باعث دکانوں میں خریداروں کا رش بھی بڑھ گیا ہے۔ ہنسی خوشی خریداری کرنے والوں کو جب دکاندار کی جانب سے بل تھمایا جاتا ہے تو ان کے ہوش ٹھکانے آ جاتے ہیں۔
فروٹ ہوں یا سبزیاں اشیائے خوردونوش گوشت اور مرغی کی قیمتوں میں انتظامیہ کی لاکھ کوششوں کے باوجود گراں فروش از خود قیمتوں میں اضافہ کر دیتے ہیں جو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تمام تر دعوں اور اقدامات پر سوالیہ نشان ہیں۔