پاکستان : (جیو ڈیسک) رواں ماہ کے آخر میں نیشنل سیونگز سکیم کے ریٹس میں اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مارکیٹ بانڈز سیونگ سکیم سے زیادہ سود دے رہے ہیں جس کی وجہ سے سیونگ سکیمز میں لوگوں کا رجحان کم ہو رہا ہے۔ اسکے علاوہ مالیاتی اداروں کو نیشنل سیونگ سکیموں میں پیسہ لگانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ جس سے کم سرمایہ ان سکیموں میں آ رہا ہے۔
نیشنل سیونگز کے ریٹ اس وقت تقریباً بارہ فیصد سے کم ہیں جبکہ بانڈ مارکیٹ کے ریٹس تیرہ فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔ اس فرق کی وجہ سے ان سکیموں میں رقم کم آرہی ہے۔ نیشنل سیونگز میں دوہزار گیارہ کے دوران ایک سو نو ارب روپے آئے جبکہ ان سکیموں میں دوہزار دس کے دوران ایک سو اٹھارہ ارب روپے آئے تھے۔