اسلام آباد(جیوڈیسک)رینٹل پاور کیس کے سابق تفتیشی افسر کامران فیصل نے خود کشی کرلی ہے۔ پولیس کے مطابق انہیں شبہ ہے کہ کامران فیصل نے خودکشی کی ہے۔
چئیرمین نیب نے گزشتہ روز عدالت میں بیان دیا تھا کہ کامران فیصل بیمار ہیں جبکہ پراسیکوٹر نیب نے عدالت کو بتایا تھا کہ عدالتی مداخلت اور توہین عدالت کے نوٹس کی وجہ سے ہمارے تفتیشی افسر دباؤ کا شکار ہیں۔
کامران فیصل کی عمر 31 سال تھی اور وہ فیڈرل لاجز میں رہائش پزیر تھے۔ پولیس نے لاش قبضہ میں لے لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ کامران فیصل رینٹل پاور کیس کی تحقیقات میں حسین اصغر کی معاونت کر رہے تھے۔
رینٹل پاور میں کرپشن کے حوالے سے سپریم کورٹ نے نیب کی رپورٹ پر وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سمیت 16 اہم ملزموں کی گرفتاری کا حکم دے رکھا ہے۔