سابق وزیر اعلی بلوچستان جام محمد یوسف کی میت کراچی روانہ کر دی گئی ہے،تدفین آبائی علاقے لسبیلہ میں کی جائے گی، مرحوم دل کا دورہ پڑنے سے اسلام آباد میں انتقال کر گئے تھے۔
جام محمد یوسف انسٹھ برس کی عمر میں خالق حقییقی سے جا ملے۔ وہ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر موجود تھے کہ اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں رات بارہ بجے قریب پمز ہسپتال لایا گیا۔ جام محمد یوسف اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے، وہ ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریض تھے۔ پمز ہسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ کمال کا کہنا ہے کہ جام یوسف کی موت کی وجہ دل کا دورہ بھی ہو سکتی ہے۔ لواحقین نے جام محمد یوسف کے پوسٹ مارٹم سے انکار کر دیا ہے۔
ان کے جسد خاکی کو صبح آٹھ بجے سی ون 30 طیارے کے ذریعے راولپنڈی سے کراچی منتقل کیا جائے گا۔ بعد ازاں ان کی میت کو آبائی علاقے لسبیلہ لے جایا جائے گا جہاں تدفین کی جائے گی۔ جام یوسف کے صاحبزادے جام کمال اپنے والد کا جسد خاکی لینے کیلئے لسبیلہ سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔ جام محمد یوسف کے سوگواران میں ایک بیٹا، دو بیٹیاں اور بیوہ شامل ہیں۔