پنجاب : (جیو ڈیسک) پنجاب میں اپوزیشن لیڈ ر راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہ سانحہ سروسز اسپتال کے ذمہ دار وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ہیں، ورثا معصوموں کے قتل کی مقدمہ وزیر اعلی پنجاب کے خلاف درج کروائیں۔سروسز اسپتال میں جھلس کر زخمی ہونے والے بچوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے راجہ ریاض احمد کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں سروسز اسپتال ، ڈینگی اور جعلی ادویات کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے تمام واقعات وزیراعلی پنجاب کے ون مین شو کی وجہ سے ہوئے اور خود وزیراعلی پنجاب خیمہ کیمپ میں ٹوپی ڈرامہ لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب میں کروڑوں روپے ادویات کے نام پر لوٹے جارہے ہیں اس کے باوجود عوام کو جعلی دوائیاں کی دی جارہی ہیں۔ راجہ ریاض نے کہا کہ وہ بجٹ کے بعد ائندہ اسمبلی اجلاس میں سروسز اسپتال کے واقعہ پر بحث کا اغاز کریں گے۔