سبی (جیوڈیسک) راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس پر پنیر اسٹیشن کے قریب دہشت گردوں کی فا ئرنگ سے ایک سیکورٹی اہلکار اور خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق اورچوبیس زخمی ہو گئے۔
ٹرین سبی سے نکلنے کے بعد پہاڑی علاقے سے گزر رہی تھی کہ پنیر ریلوے اسٹیشن کے قریب پہاڑوں سے مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ زخمیوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ علاقے میں موجود ایف سی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی جس پر تمام حملہ آور فرار ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے جبکہ دوخواتین زخمی بھی ہوئیں۔ ٹرین مچھ ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گئی جہاں سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔