کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار ہسپتال سے ڈسچارج ہو کر اپنی رہائشگاہ پہنچ گئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں نئی زندگی دی ہے۔ ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کے سربراہوں نے خیریت دریافت کی۔ خوشی اس بات کی ہے کہ جماعت اسلامی کے دو وفود ملنے ہسپتال آئے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ اور ڈی جی رینجرز نے بھی خیریت دریافت کی۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ لندن سے ندیم نصرت نے بھی دعائیں بھیجیں جبکہ بانی متحدہ کی کال تو نہیں آئی لیکن انہوں نے ٹویٹر پر خیریت دریافت کی۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حادثے کو حادثہ ہی سمجھا جائے، ہر چیز میں سازش نہ تلاش کی جائے۔
واضح رہے کہ گیارہ ستمبر کو رات گئے حیدر آباد سے کراچی آتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد وہ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ تمام ٹیسٹ کلیئر آنے پر انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔