مصر : (جیو ڈیسک)ستر سال قبل لاپتہ ہونے والے برطانوی شاہی جنگی طیارے کا ملبہ مصر کے صحرائے سینا سے مل گیا ہے۔قاہرہ میں برطانوی سفارت خانے نے 70 سال قبل لاپتہ ہونے والے طیارے کے ملبے تک رسائی کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے کے بیشتر حصے کئی سال گذر جانے کے باوجود محفوظ حالت میں ہیں۔ سفارتخانے میں تعینات برطانوی ملٹری اتاشی کیٹپن بول کولینز نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ انہیں آج سے پچاس سال پیشتر لاپتہ ہونے والے اپنے طیارے”کیتھوک بی 40″ کا ملبہ مصر کے جنوب مغرب میں صحرائے سینا سے ملا ہے تاہم برطانوی سفارت کار نے ملبے کے خاص مقام کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
کیپٹن کولینز کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ طیارہ ہنگامی لیڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا ہے تاہم اس کے بیشتر اجزا آج بھی محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاز کے پائلٹ سارجنٹ ڈینس کوپنگ تھے جن کے پاس ایک عدد وائر لیس سسٹم بھی تھا، تاہم ان کی میت اور وائر لیس سسٹم کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ برطانوی سفارت کار کہنا تھا کہ انہوں نے مصری فوج کے ساتھ مل کر تباہ شدہ طیارے کا ملبہ اٹھانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ خیال رہے کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران مصر کا علاقہ صحرائے سینا جرمن اور برطانوی افواج کے درمیان ایک بڑا میدان جنگ رہا ہے۔