فلم میں سری دیوی نے ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کیا ہے، جسے انگلش زبان نہیں آتی
بالی وڈ میں چاندنی اور مسٹر انڈیا جیسی سپر ہٹ فلمیں دینے والی اداکارہ سری دیوی آخری مرتبہ سنہ انیس سو ستانوے میں فلم جدائی میں پرد سیمیں پر نظر آئی تھیں۔
اس کے بعد سری دیوی کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی لیکن اب بالی وڈ سے ان کی جدائی ختم ہو رہی ہے اور وہ پندرہ برس بعد فلم انگلش ونگلش میں کام کر رہی ہیں۔اس فلم کی ہدایت کارہ گوری شندے ہیں جو پا اور چینی کم جیسی فلمیں بنانے والے ہدایتکار آر بالی کی اہلیہ ہیں۔
سری دیوی کا کہنا ہے کہ اس فلم کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے بالکل ایک نئے اداکارہ کی طرح محسوس کیا۔فلم کے فرسٹ لک لانچ پر سری دیوی نے کہا کہ پندرہ برس کے بعد فلموں میں واپسی کا موقع دینے کے لیے میں بالی اور گوری کی شرگزار ہوں۔ میں نے اپنے آپ میں بالکل نئی اداکارہ کی طرح توانائی محسوس کی۔
اس سوال پر کہ کیا اتنے عرصے بعد فلموں میں کام کرنے پر وہ نروس ہیں، سری دیوی کا کہنا تھا کہ مجھے فلم پر مکمل یقین ہے۔ میں بالکل نروس یا غیر محفوظ محسوس نہیں کر رہی ہوں۔ مجھے فلم کا سکرپٹ زبردست لگا۔ یہ فلم میرے دل کو چھو گئی۔ میں اپنے کیریئر کے کسی بھی حصے میں یہ کردار کرنے کے لیے تیار ہو جاتی۔
یہ فلم ہندی، تمل اور تیلگو زبان میں بن رہی ہے اور اس میں سری دیوی نے ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کیا ہے، جسے انگلش بالکل نہیں آتی۔ اس کے لیے وہ اپنے بچوں اور شوہر کے مذاق کا نشانہ بننے کے بعد وہ اپنے خاندان میں سب کو خوش کرنے کے لیے انگریزی سیکھنے کی کلاس میں داخلہ لیتی ہے۔
اس فلم میں امیتابھ بچن بھی ایک چھوٹا سا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ دونوں اداکار اٹھارہ سال بعد کسی فلم میں ساتھ نظر آئیں گے۔ اس سے پہلے امیتابھ اور سری دیوی نے سنہ انیس سو چورانوے میں ریلیز ہونے والی فلمخدا گواہ میں ساتھ کام کیا تھا۔
سری دیوی کا کہنا ہے کہ امیتابھ کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ شاندار تجربہ ہوتا ہے۔انگلش ونگلش پانچ اکتوبر کو ریلیز ہوگی اور فلم کا پہلا لک 13 اگست کو سری دیوی کے یوم پیدائش کے موقع پر لانچ کیا گیا.