پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ سری لنکا پر قابو پانے کیلئے فیلڈنگ بہتر بنانا ضروری ہے۔ مصباح الحق کا کہنا کہ انکی ٹیم کی کارکردگی میں گذشتہ دو سیریز میں بہتری آئی ہے۔ لیکن سری لنکادنیا کی صف اول کی ٹیم ہے۔ یواے ای میں اسے زیر کرنے کیلئے فیلڈنگ پر سخت محنت کرنا ہوگی۔ آئی سی سی کے ہفتہ وار ریڈیو شو میں سری لنکا سے سیریز پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی کپتان نے کہا کہ یواے ای کی وکٹیں پاکستان جیسی اور بیٹنگ کیلئے ساز گارہوتی ہیں ٹیسٹ میچ میں کامیابی بیس وکٹیں لئے بغیر ممکن نہیں اور اس کیلئے فیلڈرز کو بولرز کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں حریف ٹیم سنبھلنے کا موقع نہیں دیتی اس لئے ہر چانس سے پورا فائدہ اٹھانا ہوگا۔