لاہور : (جیو ڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سزا یافتہ ہیں اور سزا یافتہ شخص وزیر اعظم رہ سکتا ہے نہ ہی رکن اسمبلی۔
لاہور کالج وویمن یونیورسٹی میں کالج کے مقامی ریڈیو کے تین سال مکمل ہونے پر منعقد ہونے والی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ قانون کا تقاضا ہے کہ کوئی بھی سزا یافتہ شخص وزیر اعظم نہیں رہ سکتا اب یوسف رضا گیلانی کا وزیراعظم کے عہدے پر رہنے کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون سزا یافتہ وزیر اعظم کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے لئے تمام آئینی اور قانونی طریقے استعمال کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے جان چھڑانے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ فوری انتخابات کروائے جائیں اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل طے کرنے کے لئے مسلم لیگ نے اپنا اجلاس طلب کر لیا ہے۔