سلالہ چیک پوسٹ پر حملے جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے پاکستان، افغانستان اور ایساف فورسز نے حکمت عملی تیار کر لی۔ پاک افغان فوجی حکام کے درمیان ہاٹ لائن قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
بارڈر میکنزم کوآرڈنیشن کے تحت پاک ، افغان اور ایساف فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی جس کے تحت لے زون آفس کی تعداد دو سے بڑھا کر تین کر دی گئی۔ بگرام ائیر بیس پر بھی لے زون آفس بنایا گیا ہے جبکہ طورخم اور کابل میں پہلے ہی یہ دفاتر کام کر رہے ہیں۔
نئے ایس او پی کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف پاکستان یا افغانستان میں نقل و حرکت سے قبل ایک دوسرے کو اعتماد میں لیا جائیگا۔ ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن قائم کی جائے گی۔
کسی بھی حادثے کی صورت میں دونوں کے درمیان رابطے کے جائیں گے۔ طالبان یا القاعدہ کے خلاف نقل و حرکت سے قبل متعلقہ کمانڈر کو آگاہ کیا جائیگا تاکہ کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔