کولمبو : (جیو ڈیسک) پاکستانی کپتان مصباح الحق کو سری لنکا کے خلاف پانچویں ون ڈے میں سلو اوور ریٹ کے باعث ایک میچ کے لیئے معطل کردیا گیا ہے۔ گال ٹیسٹ میں ان کی جگہ محمد حفیظ قیادت کریں گے۔کولمبو میں کھیلے گئے پانچویں ون ڈے میچ میں پاکستان مقررہ وقت میں تین اوورز پیچھے رہا۔ میچ ریفری کرس براڈ نے مصباح الحق پر دو معطل پوائنٹس اور ہرکھلاڑی پر میچ فیس کا چالیس فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔ ایشیا کپ کے بعد رواں سال یہ دوسراموقع تھا کہ پاکستانی بولرز سلو اوور ریٹ کا شکار ہوئے۔
سری لنکا کیخلاف محمد حفیظ جمعہ سے شروع ہونے والے گال ٹیسٹ میں پہلی بار ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ بھارت کے مہندر سنگھ دھونی کے بعد مصباح الحق دوسرے کپتان ہیں جن کوسلو اوور ریٹ کے سبب معطل کیا گیا۔