سندھ(جیوڈیسک)سندھ بھر میں دو روزہ تعطیل کے بعد سی این جی اسٹیشن کو گیس کی فراہمی بحال ہوگئی۔ فلنگ اسٹیشنز مقررہ وقت سے پہلے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔سندھ میں صنعتوں کو کی گیس کی فراہمی چوبیس گھنٹوں کے لئے معطل ہے۔ پنجاب بھر کے سی این گیس اسٹیشنز تاحال ویران ہیں۔
کراچی سمیت سندھ بھرمیں فلنگ اسٹیشنزکی رونقیں دو روز بعد بحال ہوگئی ہیں۔ اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی جمعہ کے روز صبح آٹھ بجے سے اڑتالیس گھنٹوں کے لئے معطل ہوئی تھی۔صارفین نے سی این جی حصول کے لئے وقت مقررہ سے پہلے ہی سی این جی اسٹیشنز کا رخ کرلیا۔جس سے اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، بعض اسٹیشنز پر گیس پریشر میں کمی کی شکایات بھی موصول ہوئیں۔
سندھ بھر میں جہاں اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بحال کی گئی ہے وہیں کراچی سمیت سندھ بھر کے صنعتی علاقوں میں واقع صنعتوں اور کیپٹو پاور یونٹوں کو گیس کی فراہمی اتوار کی صبح سات بجے سے پیر کی صبح سات بجے تک چوبیس گھنٹوں کے لئے بند کر دی گئی ہے۔ سوئی سدرن جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے یونٹوں کو گیس کی فراہمی مزید اڑتالیس گھنٹوں کے لئے بند کردی جائے گی۔
دوسری جانب پنجاب میں فلنگ اسٹیشنز تاحال ویران ہیں جبکہ گھروں میں صارفین کو گیس کی فراہمی بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔