سندھ (جیوڈیسک)سندھ ہائیکورٹ نے وحیدہ شاہ کو نااہل قرار دینے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخاب کرانے کا حکم دے دیا۔
پیپلز پارٹی کی رہنما وحیدہ شاہ کے خاتون پولنگ آفیسر کو تھپڑ کی گونج ابھی تک سنائی دے رہی ہے۔ رواں سال 25 فروری کو سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 53 ٹنڈو محمد خان میں ضمنی الیکشن کے دوران پیپلز پارٹی کی امیدوار وحیدہ شاہ غصے میں آگئیں اور انہوں نے خاتون پولنگ افسر کو تھپڑ مارے۔ وحیدہ شاہ نے الیکشن میں تو کامیابی حاصل کر لی تاہم الیکشن کمیشن نے سات مارچ کو پولنگ عملے پر تشدد کے الزام میں انہیں دو سال کے لئے نا اہل قرار دے دیا ۔ماتحت عدالت نے وحید شاہ کو ایک ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ۔ وحیدہ شاہ نے دونوں فیصلوں کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس منیب اختر اور جسٹس آفتاب احمد پر مشتمل ڈویژن بینچ نے و حیدہ شاہ کی درخواست کو مسترد کردیا۔عدالت نے پی ایس 53 ٹنڈو محمد خان کی نشست کو خالی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر ضمنی الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے۔