فیصل آباد میں نائب وزیر اعظم چوہدری پرویز الٰہی، ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور سنی اتحاد کونسل کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں عام انتخابات کے لیے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اتحاد ملکی مفاد میں کیا گیا ہے۔ مذہبی جماعتوں کے اتحاد تک ملک مشکلات سے نہیں نکلے گا۔ ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں اور کوئی جماعت مسائل اکیلے حل نہیں کرسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے۔
سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ق لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اتحاد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دی جارہی ہے جبکہ بلوچستان میں امریکا، بھارت اور اسرائیل کا ہاتھ ہے۔