سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کی سپریم کونسل کا اجلاس منعقد ہوا
Posted on March 11, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات : سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کی سپریم کونسل نے ضلع گجرات میں ڈکیتیوں اور قتل و غارت گری کے واقعات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کے ارد گرد جرائم کی وارداتیں ہو رہی ہوں تو ان کو اعداد و شمار سے مطمئن نہیں کیا جا سکتا ، سٹیزن فرنٹ نے جرائم اور ڈکیتیوں کے خلاف احتجاجی کیمپ کا انعقاد کر کے عوام کی آواز بلند کی تھی ، جس میں مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی اور اس کے بعد بھی مختلف تاجر تنظیموں نے احتجاج کیا لیکن نہ ہی جرائم پر کنٹرول ہوا ہے ، نہ ہی کوئی مجرم پکڑا گیا ہے اور نہ ہی ضلع گجرات کے ناکام DPOکو تبدیل کیا گیا ، ان حالات میں سٹیزن فرنٹ کی سپریم کونسل نے خاور بشیر بٹ کی سربراہی میں ایک ایکشن کمیٹی تشکیل دی ہے ، جس کے دیگر ممبران میں شیخ عرفان پرویز ، گلنواز مرزا ، مجید بھٹی ، عامر چوہدری اور ایم وائی ناصر شامل ہیں ، یہ کمیٹی سات دن کے اندر اندر مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کر کے ایک اجلاس کا اہتمام کرے گی ، جس میں ڈکیتیوں اور جرائم کے خلاف متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائیگا ، اور جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے مطالبات کے حصول کے لئے تمام ذرائع بروئے کار لانے کا فیصلہ ہو گا ، اجلاس کی صدارت چوہدری محمد طفیل نے کی جبکہ سپریم کونسل کے نئے ممبر محمد اشرف منہاس کا خیر مقدم کیا گیا اجلاس کے دیگر شرکاء میں محمد یعقوب سیٹھی ، شیخ عرفان پرویز ، مرزا گل نواز ، مرزا اکبر بیگ برلاس ، چوہدری وقاص عالم ، عامر چوہدری اور چوہدری محمد اسلم جاوید شامل تھے ، اجلاس کے فیصلہ کے مطابق سپریم کونسل کے اگلے اجلاس میں نئے ممبران کی منظوری دی جائے گی ، اور غیر فعال اراکین کی ممبر شپ ختم کر دی جائے گی ۔