سپریم کورٹ نے دوہری شہریت کیس میں وفاقی وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک، رکن قومی اسمبلی بیگم شہناز شیخ اور غلام مجتبی کھرل کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے تین اکتوبر کو طلب کرلیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ صحافی عمر چیمہ کی جانب مہیا کیے گئے ثبوتوں کے بعد چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے حکم کی روشنی میں آئین کے آرٹیکل پچیس اور آرٹیکل پانچ کے تحت رکن قومی اسمبلی بیگم شہناز شیخ اور غلام مجتبی کھرل کو عمر چیمہ کے جواب کے ہمراہ نوٹسز ارسال کردیے گئے ہیں۔
عدالت نے سینیٹر رحمان ملک کو نوٹس میں حکم دیا ہے کہ دوہری شہریت کے حامل راکین پارلیمنٹ کے ناموں کی فہرست عدالت کے روبرو پیش کریں۔ اس کے علاوہ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ وزیر داخلہ رحمان ملک نے اپنی بیس اور اکیس ستمبر کی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اگر ان کو سپریم کورٹ یا حکومت کی جانب سے کہا گیا تو ان اراکین پارلیمنٹ کے نام سامنے لاسکتے ہیں جو دوہری شہریت کی حامل ہیں۔
اس وجہ سے ان کو عدالت کی معاونت کے لیے بلایا گیا ہے۔ عدالت نے سیکریٹری اطلاعات کو بھی حکم دیا ہے کہ وہ وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس کی ٹرانسکرپٹ پیش کریں۔