سپریم کورٹ: اڈیالہ جیل قیدی کیس کی سماعت 16مارچ تک ملتوی

supreme court

supreme court

سپریم کورٹ: (جیو ڈیسک) اڈیالہ جیل سے لاپتہ ہوکر ایجنسیز کی حراست میں پائے جانے والے گیارہ افراد کے بارے میں چیف سیکرٹری خیبر پختون خوا کو دوبارہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے چیف سیکر ٹری خیبر پختون خوا کی فراہم کی گئی موجودہ رپورٹ کو جامع قرار دیتے ہوئے اسے شاندار کام قرار دیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق اب ان قیدیوں کی حفاظت بھی ہورہی ہے اور ملاقاتیں بھی کروائی جارہی ہیں ۔ تاہم چیف جسٹس نے آ ئی ایس آئی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ پر حیرت اور تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ان افراد کو کس قانون کے تحت اٹھایا گیا۔

چیف جسٹس نے آ ئی ایس آئی کے وکیل راجہ ارشاد سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کو آ ئین اور قانون کے مطابق چلنا ہے اگر آپ ملک کے خیر خواہ ہیں تو ہم آپ سے زیادہ ملک کے خیر خواہ ہیں۔ اگر قانون موجود نہیں ہے تو قانون سازی کروائیں۔ مقدمے کی سماعت سولہ مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔